صوبائی وزیر محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کا نجی ٹیکسی کمپنیز کو ریگولرائز کر کے باقاعدہ دائرہ کار میں لانے کا فیصلہ

84
صوبائی وزیر محکمہ ٹرانسپورٹ

لاہور۔1ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب ابراہیم مراد نے نجی ٹیکسی کمپنیز کو ریگولرائز کر کے باقاعدہ دائرہ کار میں لانے کا فیصلہ کیا ہے، اس مد میں قانون میں ترمیم بھی کی جا رہی ہے۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ تمام نجی ٹیکسی کمپنیز کو حکومتی قوانین کے مطابق کام کرنا ہو گا، عام عوام کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ نجی ٹیکسی کمپنیاں پاکستان میں ضرور کام کریں لیکن باقاعدہ قانون سازی و دائرہ کار کے مطابق کام کرنا ضروری ہے۔ ماضی میں نجی ٹیکسی کمپنیوں کے ساتھ سفر کرتے ہوئے کئی شہریوں کے ساتھ حادثات پیش آئے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب نے کہا کہ نجی ٹیکسی کمپنیوں کے ساتھ کام کرنے والی گاڑیوں کی نشاندہی ہونا بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ کمرشل مقاصد کے لئے استعمال ہونے والی گاڑیوں کی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب سے رجسٹریشن کا طریقہ کار مختلف ہے اور اسی طریقے کار کے تحت کام ہونا چاہیے۔

ابراہیم مراد نے کہا کہ نجی ٹیکسی کمپنیوں کے ساتھ گاڑی چلانے والوں کے پاس محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب سے حاصل کردہ روٹ پرمٹ ہونا لازم ہو گا۔ عام عوام کی سہولت کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت بھی کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔نجی ٹیکسی کمپنیوں کو ریگولیٹ کرنے کے لئے پرووینشل موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کرنے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکریٹری ماس ٹرانزیٹ اتھارٹی، سیکریٹری پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی، سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی و دیگر موجود تھے۔