پشاور۔ 30 اپریل (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے بدھ کے روز حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں سنوکر کلب کا افتتاح کردیا۔ سیکرٹری کھیل و امور نوجوانان محمد ضیاء الحق کے علاؤہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر،ڈائریکٹر امور نوجوانان ڈاکٹر نعمان مجاہد،اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہ فیصل،ایڈمنسٹریٹر حیات آباد سپورٹس کمپلیکس عابد علی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہان نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنوکر ایک مقبول کھیل ہے اور اس کلب کے ذریعے حیات آباد اور آس پاس کے نوجوانوں کو کمپلیکس میں اس کھیل کے حوالے سے سہولت دستیاب ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سنوکر کلب میں مقامی کھلاڑی اپنی مہارتوں کو نکھار سکیں گے اوراس سے استفادہ حاصل کرکے مقابلوں میں صوبے کا نام روشن کریں گے۔وزیر کھیل نے کہا کہ صوبے میں ہر کھیل کا فروغ اور ترقی صوبائی حکومت کا ترجیحی ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعلی خیبرپختونخوا کی سربراہی میں یہاں پر کھیلوں اور کھلاڑیوں کی ترقی کیلئے نتیجہ خیز کوششیں جاری ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590697