لاہور۔25فروری (اے پی پی):صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا، نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور اور نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ لاہور پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے شرکت کی۔اجلاس میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ذیشان شبیر رانا، ایڈیشنل سیکرٹریز ڈاکٹر وحید اصغر اور اشفاق الرحمن اور چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں آئی ڈیپ کے افسران نے تینوں اہم منصوبہ جات پر بریفنگ دی۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ الحمدللہ پنجاب کی عوام کیلئے صحت کے تینوں پراجیکٹس کیلئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے۔ وزیراعلی پنجاب صوبہ بھر کے کارڈیک ہسپتالوں کی صلاحیت میں واضح بہتری لانا چاہتی ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب کے کارڈیک پروگرام کو انشااللہ کامیاب بنائیں گے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ کارڈیک ہسپتالوں میں ایچ آر کی کمی کو بھی ترجیحی بنیادوں پر پورا کر رہے ہیں۔ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے 615 بستروں پر مشتمل پہلے فیز پر تیزی سے کام جاری ہے۔ یہ کینسر کیئر ہسپتال اپنی نوعیت کا منفرد ہسپتال ہوگا۔وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے کینسر کیئر کلینک کو رواں سال 30 ستمبر تک عوام کیلئے کھول دیں گے۔
نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کی او پی ڈی کو 30 جون تک عوام کیلئے کھول دیں گے۔ صحت کے تینوں پراجیکٹس کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے آئی ڈیپ کو صحت کے تینوں اہم ترین منصوبہ جات کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566131