34.4 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومقومی خبریںصوبوں کو وفاق کے ساتھ مل کر تعلیم سے متعلق تمام مسائل...

صوبوں کو وفاق کے ساتھ مل کر تعلیم سے متعلق تمام مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے، نگران وفاقی وزیرمدد علی سندھی کا بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ صوبوں کو وفاق کے ساتھ مل کر تعلیم سے متعلق تمام مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے، تعلیم کے معیار کے ساتھ ساتھ سکول سے باہر بچے ایک بڑا چیلنج ہیں۔ وہ منگل کو 37ویں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ سکول سے باہر بچوں کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے یکساں قومی حکمت عملی تشکیل دی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کو وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر تعلیم سے متعلق تمام مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے، تعلیم کے معیار کے ساتھ ساتھ سکول سے باہر بچے سب سے بڑا چیلنج ہے۔ مدد علی سندھی نے کہا کہ ان مسائل کو اولین ترجیح دی گئی ہے، سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں سمیت ہر سطح پر تعلیمی معیار کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ وزارت تعلیم اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ہر صوبے میں طلباء، اساتذہ اور والدین کو فائدہ پہنچانے والی حکمت عملی بنانے کے لئے ایک جامع طریقہ اختیار کیا جائے۔

- Advertisement -

انہوں نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ یہ اجلاس پاکستان کے کونے کونے میں تعلیم تک رسائی فراہم کرنے کے لئے ایک مربوط منصوبہ تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آئی پی ای ایم سی کی شراکتیں سکول سے باہر بچوں کے اندراج (او او ایس سی) میں اہم ثابت ہوں گی۔ انہوں نے صوبوں کو یقین دلایا کہ ان منصوبوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے انہیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سکول سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پختہ عزم رکھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم نے اس کانفرنس کا انعقاد تمام صوبوں کی مکمل طور پر شرکت کے لئے ایک جامع ماحول کو فروغ دینے کے لئے کیا ہے، ہر صوبے کو اپنے منصوبے پیش کرنے اور سکول سے باہر بچوں سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی سامنے رکھنے کا پلیٹ فارم دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ یہ کانفرنس سکول کے نظام سے باہر بچوں کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے یکساں قومی حکمت عملی بنانے کے اپنے مقصد کو کامیابی سے پورا کرے گی۔نگران وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ 25ارب روپے سکولوں سے باہر بچوں کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔

آئی پی ای ایم سی نے سکول سے باہر بچوں کے لئے 25 ارب روپے کے چیلنج فنڈ کے قیام پر تبادلہ خیال کیا۔ آئی پی ای ایم سی نے وفاقی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کی وزارت میں ایک ‘فاؤنڈیشنل لرننگ حب’ کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا جو 2024 میں فاؤنڈیشنل لٹریسی پالیسی کا آغاز کرے گا۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے 9ویں سے 12ویں جماعت کے نصاب کو بھی نوٹیفائی کر دیا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=419218

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں