راولپنڈی۔23اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں کورونا وائرس اور ڈینگی کی وباءپر قابو پانے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔ لوگوں نے احتیاط نہ کی تو کورونا وائرس بڑھنے کا خدشہ ہے۔صوبائی وزیر نے عوام سے کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کرتے ہو ئے کہا ہے کہ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں مختلف ریسرچ پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔جبکہ پروفیسر ڈاکٹر عمرکی نگرانی میں تمام ہسپتالوں میں جاری منصوبوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ان خیا لات کا اظہار صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں سینڈیکیٹ کے آٹھیویں اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کیا۔ اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمر،رجسٹرار اور سینڈیکیٹ ممبران نے شرکت کی۔ رجسٹرار راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی نے اجلاس میں صوبائی وزیرصحت کو ایجنڈا کے مندرجات پیش کئے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمر نے صوبائی وزیر صحت کو انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی اور ملحقہ ٹیچنگ ہسپتالوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ سینڈیکیٹ اجلاس میں بے نظیربھٹو ہسپتال، ہولی فیملی ہسپتال، ڈی ایچ کیو راولپنڈی اور میڈیکل یونیورسٹی کے یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی کی منظوری دے دی گئی۔جبکہ بے نظیر بھٹو ہسپتال، ڈی ایچ کیو راولپنڈی اور میڈیکل یونیورسٹی کے نئے اکاونٹس کھلوانے کی منظوری کے ساتھ ڈی ایچ کیو اور ہولی فیملی ہسپتال کیلئے خریدے گئے طبی سامان کی ادائیگی کی بھی منظوری دے دی گئی۔ سینڈیکیٹ اجلاس میں ڈی ایچ کیو راولپنڈی کیلئے سال 2020-21کیلئے صفائی ستھرائی کیلئے ریٹ کنٹریکٹ کی منظوری کے ساتھ ڈی ایچ کیو راولپنڈی و دیگر ہسپتالوں میں نئی آسامیوں کی بھی منظوری دے دی گئی۔سینڈیکیٹ اجلاس میں سب انجینئرکی آسامیوں کی اپ گریڈیشن کی بھی منظوری دے دی گئی۔