صوبے جنگلات کے رقبے کو فروغ دینے کی کوششیں تیز کریں، ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام قومی مقصد ہے ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم فیڈرل فارسٹری بورڈ کے اجلاس میں خطاب

45
صوبے جنگلات کے رقبے کو فروغ دینے کی کوششیں تیز کریں، ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام قومی مقصد ہے ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم فیڈرل فارسٹری بورڈ کے اجلاس میں خطاب

اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے صوبوں پر زور دیا ہے کہ وہ جنگلات کے رقبے کو فروغ دینے کی کوششیں تیز کریں، ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام ایک قومی مقصد ہے جس کے لئے قومی کوششوں کی ضرورت ہے۔

وہ جمعہ کو فیڈرل فارسٹری بورڈ کے 5 ویں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ترجمان محمد سلیم شیخ نے بتایا کہ 10 بلین ٹری سونامی پروجیکٹ کے نفاذ کے سلسلے میں منعقدہ اس اجلاس میں صوبائی وزرائے جنگلات، جنگلات اور جنگلی حیات کے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ پاکستان کے چاروں صوبوں اور علاقوں سے ٹین بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کے سیکرٹری اور پروجیکٹ ڈائریکٹرز ،

اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی چیئر پرسن اور آئی یو سی این کے نمائندے نے بھی شرکت کی۔ملک امین اسلم نے کہا کہ ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام ایک قومی مقصد ہے جس کے لئے قومی کوششوں کی ضرورت ہے، ہمیں اس حوالے سے اپنے اہداف کو پورا کرنے کے لئے عالمی سطح پر پزیرائی مل رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اہم منصوبے کی عالمی اہمیت کی وجہ سے ، پاکستان کو حال ہی میں 5 جون کو عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی کا موقع بھی فراہم کیا گیا تھا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے سبز اقدامات کے ذریعے اب گرین ڈپلومیسی اور فطرت بانڈ کے مواقع میسر آرہے ہیں جن کے ذریعے ریاست پاکستان مستقبل میں قرضوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

ملک امین اسلم نے شرکا کو بتایا کہ دس ارب درخت سونامی پروگرم کے تحت ایک ارب درخت لگانے کا ہدف پہلے ہی حاصل کرلیا گیا ہے۔ دریں اثنا انہوں نے تمام صوبوں / علاقوں پر زور دیا کہ ایک ارب درخت مزید لگانے کے لئے آئندہ سال کے دوران شجر کاری کے اہداف کو بڑھایا جائے جبکہ نرسریاں اگانے کے لئے خواتین کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے۔

انہوں نے صوبائی محکمہ جنگلات سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ شجرکاری کے بہترین طریقوں کی کامیابیوں کو مرتب کریں اور ان کی نمائش کریں اور یہ بات اجاگر کریں کہ سبز ملازمتوں کے ذریعہ مقامی کمیونٹیز کے معاش کو کس طرح بہتر بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے سال کے لئے منصوبہ بند اہداف کو حاصل کرنے کے سلسلے میں شجر کاری سے متعلق سرگرمیوں کے لئے درکار فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔