اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):ملک کے معروف صوفی، لوک و سندھی گلوکار علی بخش (الن فقیر) کی برسی جمعہ 4 جولائی کو منائی گئی ۔الن فقیرکو صوفی شاعری اور خاص طور پر’’کافی‘‘ گانے میں ملکہ حاصل تھا۔ الن فقیر 1932کو سندھ میں پیدا ہوئے ، ان کا اصل نام علی بخش تھا، وہ ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر یکساں مقبول تھے۔
سندھ کے ادیب، دانشور اور ماہر ثقافت ممتاز مرزا نے الن فقیر کومتعارف کرایا ۔ الن فقیر نے سندھی، پنجابی، اردو، سرائیکی اور دوسری بہت سی زبانوں میں گانے اور صوفیانہ کلام گایا لیکن گلوکار محمد علی شہکی کے ساتھ گائے جانا والا نغمہ’ تیرے عشق میں جو بھی ڈوب گیا‘ ان کی شہرت کا باعث بنااور اس کے علاوہ ان کا ایک ملی نغمہ’اتنے بڑے جیون ساغر میں تو نے پاکستان دیا ‘بھی بہت مشہور ہوا۔
الن فقیر کوصدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سمیت مختلف ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ الن فقیر 4 جولائی 2000 کو کراچی میں وفات پا گئے اور جامشورو میں سپرد خاک ہیں ۔ الن فقیر کی برسی کے موقع پر سماجی و ثقافتی حلقوں، گلو کار برادری اور شوبز انڈسٹری کے زیر انتظام منعقدہ مختلف تقریبات میں ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔