اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.18 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 1.52 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی)رپورٹ کے مطابق 26 جون کوختم ہونے والے ہفتہ میں صارفین کیلئے قیمتوں کاحساس اشاریہ 309.80 پوائنٹس ریکارڈ کیاگیا جوپیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 0.18 فیصد اور گزشتہ سال کے مقابلہ میں 1.52 فیصد کم ہے۔
ہفتہ رفتہ میں ملک میں 14ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 25کی قیمتوں میں استحکام رہااس کے برعکس 12ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ ہفتہ کے دوران انڈوں کی قیمت میں 12.27 فیصد،چکن 10.75 فیصد،کیلا2.75 فیصد،پیاز1.46 فیصد،آلو1.27 فیصد،آٹا1.01 فیصد،ماش 0.49 فیصد اور دال مونگ کی قیمت میں 0.39 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کے برعکس سب سے کم آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے بجلی کی قیمت میں 6.88 فیصد،لہسن 5.15 فیصد،ایل پی جی 1.24 فیصد،گڑ1 فیصد،ٹماٹر0.99 فیصد،چینی 0.88 فیصد،اری سکس نائن چاول 0.69 فیصد، تازہ دودھ 0.38 فیصد،دہی 0.36 فیصد،جلانے کی لکڑی 0.11 فیصد اور خشک دودھ کی قیمت میں 0.03 فیصد کااضافہ ہوا۔
سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.06 فیصد کی کمی ہوئی ہے، 17733 روپے سے لے کر 22888 روپے،22889 روپے سے لے کر 29517 روپے، 29518 روپے سے لے کر 44175 روپے اور اس سے زیادہ ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.03 فیصد،0.15 فیصد،0.27 فیصد اور 0.25 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کاتعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔