اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ ضلع دیر بالا میں پہلا احساس نشوونما مرکز قائم کر دیا گیا ہے۔ماو¿ں اور نوزائیدہ بچوںکو سٹنٹنگ سے بچانے کیلئے دیر بالا میں کل 6 نشوونما مراکز کھولے جائیں گے جبکہ ملک بھر کے9 اضلاع میں مجموعی طور پر 33 مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم جلد ہی اس پروگرام کا باقاعدہ اجرا کریں گے۔ ہر احساس نشوونما مرکز پراحساس کی صارف خواتین اور ان کے بچوں کو بہت سی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ چیدہ چیدہ سہولیات میں صارفین کا اندراج، طبی معائنہ، آگاہی نشست،صحت بخش غذا اور مندرج صارفین کی صحت و نشوونما کی دیکھ بھال وغیرہ شامل ہیں۔صارفین کونقد نشوونما وظائف کی بہ سہولت ترسیل کے لئے ہر نشوونما مرکز پر اے ٹی ایم مشینیں بھی نصب کی جا رہی ہیں۔