ضلع مظفرگڑھ میں 8 لاکھ 55 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے،ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ

94
Anti-polio campaign
Anti-polio campaign

مظفرگڑھ۔ 19 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ قراۃالعین میمن نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہےجس میں ہم سب نے مل کر قوم کے نونہالوں کو حفاظتی قطرے پلا کر عمر بھر کی معذوری سے بچانا ہے۔21 اپریل سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران تمام افسران و عملہ اپنے اپنے فرائض پوری ایمانداری سے سر انجام دیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر قراۃالعین میمن نے پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائر ایجوکیشن اجمل خان چانڈیہ کے ہمراہ بچے کو پولیو سے بچاؤ کے ویکسین کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں پولیو مہم کے دوران 8 لاکھ 55 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔

پولیو مہم کے دوران کل 3693 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلائیں گے۔انسداد پولیو مہم کے دوران افسران و سپروائزر انسداد پولیو ٹیموں کی باقاعدگی سے نگرانی کریں گے۔پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائر ایجوکیشن اجمل خان چانڈیہ نے کہا والدین پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے لازمی پلوائیں۔ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطروں سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر قراۃالعین میمن کی زیر صدارت ستھرا پنجاب مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل وائز تمام یونین کونسلز میں ستھرا پنجاب مہم کی کارگردگی کا جائزہ لیا۔اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل یوسف چھینہ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔