ضلعی انتظامیہ نے حادثات کی روک تھام کیلئے اقدامات تیز کر دیئے ہیں، ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری

71

ملتان ۔ 23 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے حادثات کی روک تھام کیلئے اقدامات تیز کر دیئے ہیں ۔اس سلسلے میں ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے بھرپور مہم چلانے کا حکم جاری کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کے پیچھے ریفلیکٹرز لگانے اور روڈ کٹ پلاننگ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر اور سیکرٹری آر ٹی اے محسن نثار نے بھی شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ مختلف شاہراہوں پر وزن کے کنڈے اور ناکہ بندی کرکے چیکنگ کی جائے جبکہ ٹریفک مینجمنٹ کیلئے ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ پلان تشکیل دیا جائے گا۔اس موقع پر محمد علی بخاری نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون بلا امتیاز جاری رکھا جائے گا ،اس حوالے سے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جنرل بس سٹینڈ پر مسافروں کیلئے خصوصی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔