ملتان ۔ 13 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے سیوریج اور صفائی کے نظام کو موثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کا اغاز کر دیا ہے ۔ اس سلسلے میں محکمہ واسا اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیت تمام اداروں کو خصوصی الٹی میٹم بھی جاری کیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابوبکر نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایم ڈی واسا اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام سمیت مختلف اداروں کے نمائندگان نےشرکت کی ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابوبکر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے واسا کو تمام کھلے مین ہولز اور سیوریج لائنوں کو ڈھانپنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ کے ساتھ ماحول کو بھی بہتر کیا جا سکے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابوبکر نے ہدایت کی کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہری علاقوں کے ساتھ دیہی علاقوں کی صفائی ستھرائی پر بھی خصوصی فوکس کرے اور بڑے فلتھ ڈپوز کو صاف کر کے عوام کو فوری ریلیف دیا جائے۔