کوئٹہ۔ 12 فروری (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی زیر نگرانی میٹرک کے امتحانات کے دوران کوئٹہ کے تمام امتحانی مراکز میں ڈیوٹیاں جاری ہیں ۔
ضلعی انتظامیہ کے انسپکٹرز اور ٹیموں نے امتحانی مراکز میں 12 فروری کو ہونے والے پہلی شفٹ کے پیپرزکو اپنے نگرانی میں بینک سے امتحانی مراکز میں پہنچا کر اپنی نگرانی میں کھلوایا ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)کوئٹہ کے تمام سب ڈویژنز کے اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداران اور مجسٹریٹس مختلف امتحانی مراکزمیں نقل کی روک تھام کے لیےموثر اقدامات کررہے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر(کچلاک) ،اسسٹنٹ کمشنر(سٹی)، اسسٹنٹ کمشنر(صدر)اور تمام متعلقہ علاقوں کے مجسریٹس، تحصیلداران نائب تحصیلداران،رجسٹرار ،جوائنٹ سب رجسٹرار نے امتحانی مراکز میں جاکر تمام طالب علموں کی کمرہ امتحان میں داخلے سے پہلے جامع تلاشی لی، موبائل فونز جمع کروائےاور دوران امتحان تمام طالب علموں پر کھڑی نظر رکھی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کے آفیسران روزانہ کے بنیاد پر تمام امتحانی مراکز میں ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی کےخاطر خواہ انتظامات کرنے کے علاوہ امتحانی مراکز میں درپیش مسائل کو ایمرجنسی بنیادوں پرحل کررہے ہیں۔