لاہور۔25اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاہورسید موسی رضا کی قیادت میں لاہور شہر میں ناجائز پارکنگ اور اوور چارجنگ کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ترجمان کے مطابق ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیئے جا رہے ہیں،میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن ہیڈکوارٹر کاشف جلیل کی زیر نگرانی جاری ان کارروائیوں میں اب تک 12 افراد کے خلاف9 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔
ایم اوریگولیشن کاشف جلیل نے کہا کہ ناجائز پارکنگ کے خلاف کارروائی مسلسل جاری رہے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ ناجائز پارکنگ اور اوور چارجنگ کے خلاف کارروائیوں کا مقصد شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا ہے، ان اقدامات سے ٹریفک کے بہائو میں واضح بہتری آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو اوور چارجنگ جیسے مسائل سے بچانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ان خلاف ورزیوں کے سدباب کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں مقررہ مقامات پر پارک اور غیر قانونی پارکنگ سے گریز کریں تاکہ شہر کو بہتر اور محفوظ بنایا جا سکے۔