اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے معروف عالم دین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو مشرق وسطی اور اسلامی ممالک میں مذہبی ہم آہنگی اور تارکین وطن کی سہولت کے لئے وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی ( ایس آر پی ایم ) کی حیثیت سے از سر نو تقرری کر دی ہے ۔
وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری توقیر شاہ کی جانب سے جمعہ کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق 21 اکتوبر ، 27 اکتوبر اور 29 دسمبر کے احکامات کے تسلسل کے طور پر وزیراعظم نے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی مشرق وسطی اور اسلامی ممالک میں مذہبی ہم آہنگی اور تارکین وطن کی سہولت کے لئے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی کی حیثیت سے ازسرنو تقرری کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ایک ممتاز مذہبی سکالر اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین ہونے کے ساتھ ساتھ قومی اور بین الاقوامی سطح پر مذہبی ہم آہنگی کے لئے پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس اہم کردار کے لیے ان کی دوبارہ تقرری واضح کرتی ہے کہ حکومت اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے اور پاکستان کے اندر مذہبی بقائے باہمی کو فروغ دینے کی ان کی صلاحیت پر یقین رکھتی ہے ۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو اسلامی فقہ کے گہرے مطالعے اور پرامن بقائے باہم سے وابستگی کے طور پر جانا جاتا ہے ۔انہوں نے مختلف مذہبی فرقوں اور مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں اور علماء کو متحد کیا ، ان کی کوششوں سے پاکستان میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو کم کرنے اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
مشرق وسطی اور اسلامی ممالک میں مذہبی ہم آہنگی اور تارکین وطن کی سہولت کے لئے بطور نمائندہ خصوصی انہوں نے مشرق وسطیٰ اور اسلامی ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی سفارتی کوششوں میں پروان چڑھایا ۔ وہ علاقائی تنازعات کو حل کرنے اور جاری مسائل کے پرامن حل کو فروغ دینے والے مذاکرات اور مکالمے میں کلیدی کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ان کے دوبارہ عہدہ کو بین الاقوامی میدان میں ان کی موثر سفارت کاری اور ثالثی کی مہارت کے ثبوت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
مشرق وسطیٰ اور اسلامی دنیا میں رابطوں کے وسیع نیٹ ورک سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کی حیثیت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ملک کی سیاسی ،مذہبی قیادت ،مذہبی اسکالرز اور بین الاقوامی برادری سمیت مختلف حلقوں نے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی دوبارہ تقرری کو سراہا ہتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ بحیثیت نمائندہ خصوصی کے اپنے کردار کے لیے غیر متزلزل وابستگی سے مشرق وسطیٰ اور اسلامی ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور عالمی امن اور مذہبی ہم آہنگی میں موثر کردار ادا کریں گے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=403488