طلباء گرین سرگودہا گرین پاکستان مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، کمشنرسرگودہا

63
سرگودھا،

سرگودہا۔22اگست (اے پی پی):پلانٹ فار پاکستان اور گرین چیمپئن بننے کی ڈور میں پبلک کے ساتھ پرائیویٹ کالجز کے طلباء کا جوش وخروش بھی دیدنی ہے۔ کمشنر محمد اجمل بھٹی کے وژن کہ امسال یوم آزادی پر قومی پرچم اور جھنڈیوں کے ساتھ ساتھ اپنے اپنے حصہ کے پودے بھی لگائے جائیں کے حوالے سے تقریب یونیورسٹی آف لاہورسرگودہامیں منعقد ہوئی۔

تقریب میں کمشنر محمد اجمل بھٹی، ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) شعیب علی، ایڈیشنل کمشنر یاسر بھٹی، کنزرویٹر محمد نثار، ڈی ایف اونثار الحق، ڈائریکٹر کالجز سرفراز گجر، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ابوالحسن نقوی، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا محمد شاہد اور یونیورسٹی انچارج پروفیسر ڈاکٹر سرور سمیت فیکلٹی ممبران او رطلباء وطالبات نے شرکت کی۔ کمشنر محمد اجمل بھٹی او رڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شعیب علی نے کالج کے طلباء وطالبات سے مل کر پودے لگائے۔ انہوں نے طلبہ اور فیکلٹی ممبران میں مفت پودے بھی تقسیم کئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر محمد اجمل بھٹی کا کہنا تھاکہ بدقسمتی سے سرگودہاپنجاب کے ان شہروں میں شامل ہے جہاں گرین کور سب سے کم ہے۔ اس ضمن میں طلباء پر بھاری ذُمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نہ صرف اپنے حصہ کا ایک پودا ضرور لگائیں بلکہ سوشل میڈیا کو استعمال میں لاتے ہوئے دوسروں تک یہ پیغام پہنچائیں کہ” میں نے اپنے حصہ کاپودا لگا لیا اب آپ کب لگائیں گے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ طلباء گرین سرگودہا گرین پاکستان مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور چیمپئن بنیں۔ یونیورسٹی انچارج پروفیسر ڈاکٹر سرور نے بتایا کہ ادارہ کی جانب سے طلبہ میں دس ہزار پودے تقسیم کئے جارہے ہیں۔ اسی طرح یونیورسٹی میں تین ہزار پودے بھی لگائے جارہے ہیں۔