طورخم بارڈر پر سمگلنگ کے خلاف کارروائی، باچہ مینہ میں گودام سے لاکھوں روپے کے ممنوعہ غیر ملکی سگریٹ، انڈین ادویات اور پان برآمد

115

پشاور۔ 26 جولائی (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ خیبر نے طورخم بارڈر پر سمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے باچہ مینہ میں گودام سے لاکھوں روپے کے ممنوعہ غیر ملکی سگریٹ، انڈین ادویات اور پان برآمد کرکے گودام سیل کر دیا۔ انتظامیہ کے بیان کے مطابق صوبائی حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے طورخم بارڈر پر سمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کی ۔

اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل عدنان ممتاز کی سربراہی میں ایف سی (نارتھ) کے خصوصی ٹیم نے رات گئے باچہ مینہ طورخم بارڈر پر کارروائی کی جس دوران غیر قانونی طور پر گودام میں سٹور کئے گئے غیر ملکی 12000 سے زائد سگریٹ پیکٹس، ممنوعہ ادویات، پان اور دیگر اشیاء کے 272 پیکٹس برآمد کئے گئے، ممنوعہ ادویات، پان اور سیگریٹ طورخم بارڈر سے پشاور اور دیگر اضلاع منتقل کیے جانے تھے۔

ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کے مطابق 12000 سے زائد سگریٹ اور 272 دیگر اشیاء کے پیکٹس کو سرکاری تحویل میں لےکر قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ چیک پوسٹ اور طورخم بارڈر پر چینی، یوریا اور دیگر غیر ممنوعہ اشیاء کے خلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔