عازمین حج کی طرف سے شکایات اور مسائل کو حل کرایا جا رہا ہے، وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود

194
عازمین حج کی طرف سے شکایات اور مسائل کو حل کرایا جا رہا ہے، وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ حج انتظامات کے حوالہ سے تمام انتظامات کی مکمل نگرانی کر رہے ہیں اور جو شکایات اور مسائل عازمین کی طرف سے بھجوائے جا رہے ہیں انہیں بھی حل کرایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو حاجی کیمپ کے دورہ اور حج ٹریننگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ موبائل فون پر تمام شکایات براہ راست ان تک پہنچ رہی ہیں، وزارت مذہبی امور کو ہدایت کی گئی ہے کہ عازمین حجاج کو ہر ممکن سہولت دی جائے اور ان کی ہر شکایت کا ازالہ کیا جائے۔ طلحہ محمود نے کہا کہ ملک بھر کے حاجی کیمپوں اور سعودی عرب میں جو انتظامات کئے گئے ہیں وزارت کے حکام اور میں ذاتی طور پر ان سے باخبر ہیں۔

وفاقی وزیر نے عازمین کی طرف سے بھجوائے گئے وائس نوٹ بھی شرکاء کو سنائے اور کہا کہ اس قسم کی ہر شکایت براہ راست میرے پاس اور وزارت کے حکام کے پاس آ رہی ہیں اور ہم مکمل طور پر نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ انتظامات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اس دوران وفاقی وزیر نے حاجی کیمپ میں کئے گئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور موقع پر ہدایات جاری کیں۔