اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سینیٹر محمد طلحٰہ محمود نے عازمین حج کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مسجد نبویﷺ ۖ میں ریاض الجنہ کے مقام پر نوافل ادا کرنے کے لیے پہلے سے سعودی موبائل ایپلی کیشن ‘نسک’ کا استعمال سیکھ لیں۔ وفاقی وزیرمذہبی امور سینیٹر طلحٰہ محمود حج انتظامات کے جائزہ کے لئے سعودی عرب کے کامیاب دورے کے بعد منگل کی صبح وطن واپس پہنچے ہیں۔
سعودی عرب سے وطن واپس روانگی سے قبل انہوں نے مدینہ منورہ میں وزارت حج و عمرہ کے انڈر سیکرٹری برائے عازمین امور سے ملاقات کی اور حج کے انتظامات کی مستقبل کی حکمت عملی، مدینہ منورہ کی زیارت اور مکہ مکرمہ میں زائرین کےلئے سہولیات سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر البیجاوی نے وزیرمذہبی امور سینیٹر طلحٰہ محمود کو وزیر مذہبی امور کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی اور آئندہ حج کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
وفاقی وزیر سینیٹر طلحٰہ محمود نے عمرہ سیزن کو پوری صلاحیت کے ساتھ کامیابی سے منعقد کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں حرمین شریفین میں تاریخی رش ہوتا تھا لیکن انتظامیہ نے مثالی انتظامات کئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستانی زائرین کو مسجد نبویﷺ کے قریب ترین رہائش فراہم کی جائے گی، مدینہ میں سفری سہولیات اور خوراک کے انتظامات کے منصوبے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوششیں جاری ہیں کہ سرکاری حج اسکیم پر حج کرنے والے نصف عازمین حج پہلے مدینہ منورہ کا سفر مکمل کر لیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=360812