عالمی ادارہ صحت پاکستان نے پولیس لائن دھماکے کے زخمیوں کے لئے 5 لاکھ 70 ہزارروپے مالیتی سرجیکل کٹس فراہم کر دیں

119
World Health Organization

پشاور۔2فروری (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او ) پاکستان نے محکمہ صحت کو پشاور پولیس لائن دھماکے کے زخمیوں کے علاج و آپریشنز کیلئے 5 لاکھ 70 ہزار روپے مالیت کی سرجیکل کٹس فراہم کر دی ہیں ۔ عالمی ادارہ صحت سب آفس پشاور کے سربراہ ڈاکٹر بابر عالم نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر شوکت علی کو ان کے دفتر میں سرجیکل کٹس فراہم کیں۔

ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شوکت علی نے عالمی ادارہ صحت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈبلیو ایچ او نے ہمیشہ مصیبت کی گھڑی میں محکمہ صحت خیبر پختونخوا کا ساتھ دیا اور ہر ممکن سپورٹ فراہم کی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ واقعہ پولیس لائنز سے قبل سیلاب میں بھی عالمی ادارہ صحت نے بڑھ چڑھ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور محکمے کو تکنیکی معاونت فراہم کی۔

عالمی ادارہ صحت پاکستان کے سب آفس خیبر پختونخوا کے ہیڈ ڈاکٹر بابر نے اس موقع پر بتایا کہ پولیس لائن دھماکے کے زخمیوں کا علاج چونکہ ایم ٹی آئی لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں جاری ہے اور اس دوران تشویشناک حالت میں لائے گئے زخمیوں کے آپریشنز بھی ہونے ہیں جس کیلئے سرجیکل کٹس کی ضرورت ہے جو آج عالمی ادارہ صحت پاکستان نے محکمہ صحت کے توسط سے ڈین ایم ٹی آئی لیڈی ریڈنگ ہسپتال ڈاکٹر جنید سرفراز کے حوالے کردی ہیں ۔

ان کے مطابق 5 لاکھ 70 ہزار روپے مالیت کی سرجیکل کٹس میں مختلف نوعیت کے انجیکشنز، پٹیاں، بیرونی استعمال کے سرجیکل آئٹمز، مختلف قسم کی ادویات و دیگر ضروری اشیا شامل ہیں۔