عالمی برادری افغان عوام کی معاشی اور تعمیر نو میں مدد کرے ، وزیراعظم کی قطر کے امیر سے ٹیلی فون پر بات چیت

72

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چار دھائیوں کے تنازعہ اور عدم استحکام کے بعد افغانستان میں پائیدار امن قائم کرنے کا موقع ملا ہے، عالمی برادری اس اہم موڑ پر افغان عوام کی معاشی اور تعمیر نو میں مدد کرے ، قطر کی جانب سے کورونا وبا کے دوران پاکستان کی امداد بالخصوص دو لاکھ سے زائد پاکستانی تارکین وطن کی دیکھ بھال قابل تعریف ہے۔

اتوار کو وزیراعظم عمران خان نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے قطر کے ساتھ سیاسی اور اقتصادی شراکتداری کو مزید مستحکم بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کورونا وبا کے دوران قطر کی جانب سے دونوں ممالک کی ترقی کیلئے کام کرنے والے دو لاکھ سے زائد پاکستانی تارکین وطن کی دیکھ بھال اور امداد کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ چالیس سال کے تنازعہ اور عدم استحکام کے بعد افغانستان میں پائیدار امن قائم کرنے موقع میسر آیا ہے، عالمی برادری اس اہم موڑ پر معاشی اور تعمیر نو میں مدد کرے اور افغان عوام کو مثبت طور پر مصروف رکھے جبکہ انسانی اور پناہ گزینوں کے بحرانوں کے حل کیلئے یہ اقدام اہم ہے۔ اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ امور کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔