لاہور۔27اکتوبر (اے پی پی):نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ 27اکتوبر1948وہ منحوس دن ہے جب کشمیر میں بھارت کی مسلح افواج داخل ہوئیں اور غاصبانہ طور پر قبضہ کرلیا ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کشمیری عوام پر 9لاکھ سے زائد بھارتی فوج مظالم ڈھا رہی ہے،
کشمیری عوام بھارتی مظالم کے باوجود حق خودارادیت کے حصول کیلئے جہدوجہد کر رہے ہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر 77برس سے جاری ہے ،انشا اللہ کشمیریوں کیلئے آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے ،کشمیریوں کو حق خودارادیت دیئے بغیر بھارت سے تعلقات معمول پر نہیں لائے جا سکتے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا قول ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،بانی پاکستان کا قول ہماری کشمیر پالیسی کا محور ہونا چاہیے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=517485