اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):عالمی بینک نے خیبرپختونخوا میں سماجی خدمات اور مارکیٹوں و روزگار تک رسائی کو بہتر بنانے کے لئے پاکستان کو 108 ملین ڈالر کی اضافی مالی معاونت فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ عالمی بینک کی اس معاونت سے خیبرپختونخوا دیہی رسائی منصوبہ ( کے پی آراے پی ) اور خیبرپختونخوا مربوط سیاحتی ترقی منصوبہ کومکمل کرنے میں مددملے گی۔عالمی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا دیہی رسائی منصوبہ کے لیے 78 ملین ڈالر اور کائیٹ منصوبے کے لئے 30 ملین ڈالر کی اضافی مالی معاونت فراہم کی گئی ہے، تاکہ ان منصوبوں کے تحت صحت، تعلیم، روزگار اور مارکیٹوں تک رسائی کو بہتر بنایا جا سکے، اور صوبے کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت اوراستعدادمیں بہتری لائی جاسکے ۔
پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے بتایا کہ دیہی سڑکوں کی مرمت اور آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں بہتری کے ذریعے یہ اہم منصوبے نہ صرف صحت اور تعلیم جیسی بنیادی خدمات تک رسائی فراہم کر رہے ہیں بلکہ ماحولیاتی و معاشی استحکام اور مقامی کمیونٹیز کے لئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا دیہی رسائی منصوبہ کے لئے 78 ملین ڈالر کی اضافی مالی معاونت دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے ذریعے محفوظ اور ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار بنیادی ڈھانچہ کی فراہمی پر مرکوز ہے، جس سے سکولوں، صحت مراکز اور مارکیٹوں تک رسائی بہتر ہوگی۔انہوں نے کہاکہ منصوبے کے تحت لڑکیوں کے لئے سکولوں تک محفوظ اور سستی سفری سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں، اس سے مجموعی طور پر تقریباً 17 لاکھ 60 ہزار افراد مستفید ہوں گے ۔منصوبے کے ٹاسک ٹیم لیڈر محمد بلال پراچہ نے بتایا کہ اضافی مالی معاونت پاکستان اور خیبرپختونخوا کے ترقیاتی اہداف کےلئےعالمی بینک کے عزم کی عکاس ہے۔
یہ منصوبہ خاص طور پر خواتین اور بچیوں کی زندگیوں میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کرے گا، کیونکہ اس سے بنیادی خدمات اور معاشی مواقع تک ان کی رسائی بہتر ہوگی۔ کائیٹ منصوبے کے لئے 30 ملین ڈالر کی اضافی مالی معاونت سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے میں مدد دے گی۔ اس منصوبے کے تحت دو اہم سڑکوں کی بحالی مکمل کی جائے گی، جس سے صوبے کے خوبصورت سیاحتی مقامات تک رسائی آسان ہو جائے گی۔اس منصوبے کے تحت سیاحتی صنعت اور متعلقہ سرکاری اداروں کے لئے تکنیکی معاونت اور استعداد کار میں بہتری بھی شامل ہے۔
منصوبے کی ٹاسک ٹیم لیڈر کرن افضال نے بتایا کہ کائیٹ منصوبہ خیبرپختونخوا میں ذمہ دارانہ سیاحت کو فروغ دے رہا ہے، جس میں عوامی اور نجی شعبے کے شراکت دار شامل ہیں۔ اس کا مقصد بہتر سڑکیں، بہتر سیاحتی سہولیات، اور مقامی برادریوں کے لئے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ سیاحتی معیشت کی ترقی سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ منصوبہ کے تحت مقامی افراد کو تربیت اورروزگارکی فراہمی میں بھی مددملے گی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589460