اسلام آباد ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی) وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) بزنس مین پینل کے سیکرٹری جنرل احمد جواد نے کہا ہے کہ ملک میں کاروبار میں آسانیوں کی فراہمی کے حوالے سے عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی 28 درجے بہتری سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے اور پاکستان کاروباری آسانیوں کی فراہمی کے حوالے سے دنیا کا 108 واں ملک جبکہ کاروباری ماحول کی بہتری کے حوالے سے اقدامات کرنے والے دنیا کے 10 بڑے ممالک میں شامل ہوا ہے۔ جمعہ کو ” اے پی پی” سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے احمد جواد نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کی زیرقیادت گزشتہ ایک سال کے دوران کاروباری شعبہ کی بہتری کے حوالے سے 6 اصلاحات متعارف کروائیں جن کے نتیجہ میں پاکستان 136 ویں نمبر سے 108 ویں نمبر پر آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی رپورٹ میں پاکستان کو کاروباری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے دنیا کے 10 بڑے ممالک میں شامل کیا جانا حکومت کی کارکردگی کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کی رپورٹ میں دنیا کے 190 ممالک میں سے پاکستان کا 136 واں نمبر تھا جو رواں سال 28 درجے کی نمایاں بہتری سے 108 ویں نمبر پر آگیا ہے۔ احمد جواد نے کہا کہ ملک میں کاروباری سہولتوں کی فراہمی سے نہ صرف عالمی سطح پر ملک کے عزت و وقار میں اضافہ ہوا ہے بلکہ مقامی و عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہو گا۔ اس سے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ سے کاروباری و صنعتی سرگرمیاں بڑھیں گی اور بے روزگاری کی شرح کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی اور ملک کی اقتصادی صورتحال میں مجموعی طورپر نمایاں بہتری ہو گی۔