عالمی جریدے”بلومبرگ“ کی رپورٹ

131

اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان صوبہ سندھ میں ایک نئی شاہراہ تعمیر کیلئے 1.7 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے تاکہ ملک بھر میں چین کی مدد سے انفراسٹرکچر کے نیٹ ورک کو مستحکم بنایا جا سکے۔ عالمی موقر جریدہ ”بلومبرگ“ کی رپورٹ کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی حیدر آباد اور سکھر کے درمیان 296 کلو میٹر شاہراہ کی تعمیر کیلئے آئندہ ہفتے پیشکشیں طلب کرے گی۔ بلومبرگ نے این ایچ اے کے چیئرمین شاہد اشرف تارڑ کے انٹرویو کے حوالے سے بتایا کہ چین کے علاوہ ترکی، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کی کمپنیاں بھی پیشکشیں دیں گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ تین سال کے دوران پاکستان نے 5 فیصد شرح نمو حاصل کی اور عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے 6.6 ارب ڈالر کے پروگرام کو مکمل کیا۔ حکومت نے ادائیگیوں کے بحران پر کامیابی سے قابو پایا۔ 2013ءمیں حکومت کو ادائیگیوں کے عدم توازن کے معاملے کا سامنا تھا۔ افراط زر میں خاطر خواہ کمی اور داخلی سلامتی کے خطرات سے احسن طریقے سے نمٹا گیا ہے۔ آئندہ دو سال میں شرح نمو کا ہدف 7 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ چین نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے حصہ کے طور پاکستان میں 46 ارب ڈالر مالیت کے پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم نوازشریف توانائی کے بحران کے خاتمے اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو مکمل کرنے کے ساتھ 2018ءمیں انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔