19.4 C
Islamabad
جمعرات, مارچ 13, 2025
ہومقومی خبریںعالمی طاقتیں، دہشت گرد اور پاکستان کے دشمن ہماری نااتفاقی کا فائدہ...

عالمی طاقتیں، دہشت گرد اور پاکستان کے دشمن ہماری نااتفاقی کا فائدہ اٹھارہے ہیں،بلاول بھٹو زرداری کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

- Advertisement -

اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عالمی طاقتیں، دہشت گرد اور پاکستان کے دشمن ہماری نااتفاقی کا فائدہ اٹھارہے ہیں، مذہب اور آزادی کےنام پر دہشتگردی کرنےوالے اپنے حقوق کےلئے نہیں خون خرابےکےلئے لڑ رہے ہیں۔قومی اسمبلی میں سانحہ جعفر ایکسپریس کے حوالے سے بحث میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہرطرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتی ہے، دہشتگردی کی وجہ سے پاکستان اور پیپلزپارٹی نے بہت نقصان اٹھایا اور بینظیر بھٹو شہید ہوئیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں دہشتگردی کامسئلہ نیا نہیں ہے، پاکستانی قوم نے مل کر ملک کو دہشتگردی سے پاک کردیا تھا،پاکستان کے ہر شہری نے اس جنگ میں اپنا حصہ ڈال کر دہشتگردی سے پاک کیا، عام شہری سے لیکر پولیس اور فوج، ایسا کوئی نہیں جس نے اس جنگ میں قربانی نہ دی ہو، یہ ایوان جب متحد تھا تو تحریک انصاف کی الگ سیاست تھی، اے پی ایس کے واقعہ پر ہم نے سیاست کو ایک جانب رکھ کر نیشنل ایکشن پلان کو مانا، ہم نے ملک سے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی تھی۔

- Advertisement -

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ مگر افسوس ہم دہشت گردی کے خلاف اپنی کامیابی کھو بیٹھے ہیں، دہشت گردی کی آگ پھر سے جل اٹھی ہے، ہم ماضی سے زیادہ خطرناک دور سے گزر رہے ہیں، ہم دہشت گردی کے خلاف ماضی کی طرح سیاسی اتفاق رائے نہیں بناسکے ہیں، ہماری کمزوریوں کی وجہ جو بھی ہو، دہشت گرد، عالمی طاقتیں اور پاکستان کے دشمن ہماری نااتفاقی کا فائدہ اٹھارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کے مظلوم عوام کو نشانے پر لیکر پختونخوا سے بلوچستان تک دہشت گردی کرتے آرہے ہیں اور دہشت گردی کا ہر واقعہ پچھلے واقعے سے زیادہ خطرناک ہوتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی نظریہ، کوئی سیاست ،کوئی مذہب نہیں ہوتا، ان تمام تنظیموں کا نام جو بھی ہو ان کا مقصد دہشت پھیلانا اور لوگوں کو قتل کرنے ہوتا ہے، نہ تو مذہبی دہشت گرد اسلامی ریاست چاہتا ہے نہ ہی نام نہاد بلوچ دہشت گرد اپنی آزادی اور حقوق چاہتے ہیں، وہ خون خرابہ کرتے ہیں اور پاکستانی عوام کی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں، اور جو بین الاقوامی قوتیں انہیں مالی اور لاجسٹکل سپورٹ فراہم کررہی ہیں ان کے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ملک کے لئے ناسور بن چکی ہے اور اس کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔انہوں نے تمام سیاسی و عسکری قیادت پر زور دیا کہ مل کر کام کریں تاکہ ملک میں پائیدار امن قائم ہو۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و استحکام کےلئےتمام سیاسی و عسکری قیادت کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ دہشت گردی کے اس عفریت کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ بلوچستان میں حالیہ حملوں کے بعد سکیورٹی کی صورتحال پر تشویش بڑھ گئی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قومی اتفاق رائے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم اتفاق رائے پیدا نہیں کریں گے، تب تک اس چیلنج پر قابو پانا ممکن نہیں ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ آگ پورے ملک کے امن و استحکام کے لئے خطرہ ہے، اور اس پر ہر حال میں قابو پانا ہوگا۔

دہشت گردصرف تباہی اور انتشار پھیلانے کے درپے ہیں، لہٰذا ان کا سختی سے مقابلہ کیا جائے گا اور ان کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔بلاول بھٹو زرداری نے تمام سیاسی قوتوں اور ریاستی اداروں پر زور دیا کہ وہ مل کر دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط حکمت عملی ترتیب دیں تاکہ ملک میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے اپنی تقریر میں ملک کے تمام اہم مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے خاص طور پر پانی کے مسئلے پر بات کی، جو ملک کے لئے ایک سنگین چیلنج بنتا جا رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صدر زرداری نے پاکستان کی معاشی ٹیم کے کام کو بھی سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ معیشت کی بہتری کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے لئے استحکام ضروری ہے، اور تمام سیاسی قوتوں کو مل کر مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قبائلی علاقوں سے لے کر پشاور تک کوئی ایک ٹھوس ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے شروع کیے جانے چاہئیں جن سے عوام اور ملک کو حقیقی فائدہ پہنچے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے عملی اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بین الاقوامی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے اور ان عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے جو ملک کے استحکام کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572033

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں