عالمی نمائشوں میں پاکستان کی موثر نمائندگی کیلئے حکومتی سرپرستی کی ضرورت ہے، عثمان اشرف

120

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے کہا ہے کہ برآمدات کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے سہولیات اور مراعات کے ساتھ طویل المدت پالیسیاں ناگزیر ہیں ۔ ”ڈومو ٹیکس ” جیسی عالمی نمائشوں میں پاکستان کی موثر نمائندگی کیلئے حکومت کی سطح پر دلچسپی لی جانی چاہیے تاکہ نمائشوں میں شرکت کے خواہشمندوں کیلئے آسانیاں پیدا ہو سکیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جرمنی میں منعقدہ عالمی نمائش میں شرکت کے بعد ایسوسی ایشن کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، میجر (ر) اختر نذیر، سعید خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

عثمان اشرف نے شرکاء کو جرمنی میں منعقدہ ” ڈومو ٹیکس ” نمائش میں پاکستان اور حریف ممالک کے ہاتھ سے بنے قالینوں کے سٹالز کی صورتحال بارے تفصیلی آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کی ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کا برآمدات کے حصول میں کلیدی کردار رہا ہے لیکن آج یہ صنعت نا مساعدحالات سے دوچار ہے ، حکومت مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کو اس طرز پر سہولتیں دے جس سے ہماری پیداواری لاگت کم ہو سکے ، موثر مارکیٹنگ کیلئے حکومتی سطح پر معاونت دی جائے ۔

حکومت ”ڈومو ٹیکس ” جیسی عالمی نمائشوں میں پاکستان کی نمائندگی کے حوالے سے خوددلچسپی لے تاکہ شرکت کے خواہشمندوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نئی عالمی منڈیوں کی تلاش ،وہاں کے رجحانات اور ان تک رسائی کے مواقع پیدا کرے ،بیرون ممالک قائم پاکستانی سفارتخانوں میں فرائض سر انجام دینے والے کمرشل اتاشیوں کو اس حوالے سے ٹاسک سونپا جائے ۔