عالمی نمبر ون کارلوس الکاراز کوارٹر فائنل میں ہولگر رونے کوہرا کر ومبلڈن اوپن ٹینس مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے

164

لندن۔13جولائی (اے پی پی):ہسپانوی نامور ٹینس سٹار ، عالمی نمبر ون اور میگا ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ کارلوس الکارازاور روس کے عالمی نمبر تین ڈینیئل مدویدیف ومبلڈن اوپن ٹینس مینز سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل مرحلے میں پہنچ گئے ۔20 سالہ کارلوس الکاراز نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں حریف ڈینش کھلاڑی ہولگر رونے کو ہرا کر جبکہ 27 سالہ ڈینیئل نے ٹاپ ایٹ میچ میں حریف امریکی کھلاڑی کرسٹوفر یوبینکس کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔سپین کے کارلوس الکاراز نے مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ڈنمارک کے ہولگر رونے کو سٹریٹ سیٹس میں 6-7(3-7)،4-6اور 4-6سے شکست دے کر نہ صرف میگا ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

میگا ایونٹ کے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میچ میں روسی ٹینس سٹار ڈینیئل مدویدیف نے سخت مقابلے کے بعد امریکی حریف کھلاڑی کرسٹوفریو بینکس کو 4-6، 6-1، 6-4، 6-7(4-7) اور 1-6 سے ہرا کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ سیمی فائنل مرحلے میں کارلوس الکاراز اور دینیئل مدویدیف فائنل کے لئے پنجہ آزمائی کریں گے۔