عالمی یوم امن پر ہمیں فرد اور قوم دونوں کی حیثیت سے امن کی اصل روح پر غور کرنا ہوگا، جام کمال خان

150
Jam Kamal Khan
Jam Kamal Khan

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ عالمی یوم امن پر ہمیں فرد اور قوم دونوں کی حیثیت سے امن کی اصل روح پر غور کرنا ہوگا،ان مشکل حالات میں ہمارا ملک نہ صرف معاشی اور سماجی مشکلات کا سامنا کر رہا ہے بلکہ معاشرتی تقسیم کو دور کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم امن کے دن کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ امن صرف عالمی معاملہ نہیں، یہ ہمارے گھروں، برادریوں اور روزمرہ زندگی سے شروع ہوتا ہے،پاکستان کو معاشی بحالی، سیاسی چیلنجز اور معاشرتی تبدیلیوں کا سامنا ہے، اس لیے اتحاد اور برداشت کے ساتھ اختلافات کو حل کرنا ضروری ہے،پاکستان کا مستقبل ہماری ہم آہنگی اور اجتماعی بھلائی کے لیے مل کر کام کرنے کی صلاحیت پر منحصر ہے۔انہوں نے کہا کہ آئیے نفرت اور تقسیم کو مسترد کریں اور مکالمے، سمجھداری اور ہمدردی کو فروغ دیں،صرف اندرونی امن کو فروغ دے کر ہم پائیدار استحکام اور خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ میں ہر پاکستانی سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایک پرامن، جامع اور متحد پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرے۔