عبداللہ شفیق نے مشکل وکٹ پر شاندار بیٹنگ کی، دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے کی کوشش کریں گے، بابراعظم

136

گال۔20جولائی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ گال ٹیسٹ میں قومی ٹیم پلان کے مطابق کھیلی ، عبداللہ شفیق پر فخر ہے جس نے مشکل وکٹ پر شاندار بیٹنگ کی، دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز میں کلین سویپ کرنے کی کوشش کریں گے۔

بدھ کو گال ٹیسٹ میچ میں فتح کے بعد بابراعظم نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں ہم پلان کے مطابق کھیلے اور اس میں کامیابی حاصل ہوئی، ہمارے فاسٹ بائولرز نے فلیٹ وکٹوں پر عمدہ کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلی اننگز میں وہ سکور نہیں کر پائے جو ہمیں کرنا چاہیے تھا، ہمارے ٹیل اینڈرز نے بیٹنگ کے دوران میرا بھرپور ساتھ دیا، سری لنکن بائولرز کو بھی کریڈٹ دینا چاہیے ، انہوں نے بہترین بائولنگ کی۔

عبداللہ شفیق کی اننگز پر مجھے فخر محسوس ہورہا ہے کہ ہمارے پاس ایسا کھلاڑی ہے جس نے مشکل وکٹ پر بیٹنگ کی، ایسی اننگز سے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی اننگز میں بیٹرز لمبا سکور نہ کرسکے، بائولرز نے پلان کے مطابق بائولنگ کی، محمد نواز نے چھ سال بعد ٹیم میں شاندار واپسی کی، یاسر شاہ کا کم بیک بھی اچھا رہا۔

لڑکوں کو اعتماد دیا کہ ہم ہر طرح کی کنڈیشنز میں پرفارم کر سکتے ہیں، اس اعتماد کا ہمیں فائدہ ہوا، جیت سے ہمیشہ اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، کوشش ہوگی کہ اپنی اس پرفارمنس کو برقرار کھیں۔ دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز میں کلین سویپ کرنے کی کوشش کریں گے۔