عدالت کا دھماکہ خیز مواد برآمدگی کیس میں نامزد پانچ ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر 65 سال قید اور جرمانہ کی سزا کا حکم

20

راولپنڈی۔19جون (اے پی پی):راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے دھماکہ خیز مواد برآمدگی کیس میں نامزد پانچ ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر 65 سال قید اور جرمانہ کی سزا کا حکم سنا دیا ہے ۔جمعرات کو مقدمہ کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی جنہوں نے سماعت مکمل ہونے پر پانچ ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 65سال قید،5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا جبکہ عدم ادائیگی جرمانہ پر ملزمان کو مزید 6،چھے ماہ قید کاٹنا ہو گی۔

عدالت نے ملزمان عبدالرشید،رضوان اللہ،لقمان خان،وحید خان،عرفان اللہ کو سزا سنائی اور حکم دیا کہ ملزمان کی تمام پراپرٹی بھی بحق سرکار ضبط کی جائیں۔عدالت نے ملزمان کو ایکسپلوزوو ایکٹ کی دفعہ 5کے تحت ملزمان کو 7سال قید فی کس بامشقت کی سزا کے علاوہ اینٹی ٹیررزازم ایکٹ کی دفعہ 11 ایف سکس کے تحت فی کس 3 سال قید بامشقت،50 ہزار روپے جرمانہ اوراینٹی ٹیررازم ایکٹ کی دفعہ 11 ڈبلیو کے تحت ملزمان کو فی کس 3 سال قید بامشقت،50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔

عدالت نے ملزمان کی عرصہ حوالات کو بھی سزا میں شامل کرنے کا حکم دیا ۔واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ کاونٹر ٹیررازم راولپنڈی میں دو سال قبل مقدمہ درج کیا گیا تھا۔