اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ آئین کی تشریح انفرادی طور پر نہ کی جائے، عدلیہ کو چاہئے کہ وہ آئین کی تشریح کے لئے متحد ہو جائے۔وزارت تجارت سے جاری بیان کے مطابق وہ منگل کو پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی کی جانب سے موجودہ سیاسی صورتحال پر بحث کے لئے پیش کی گئی خصوصی تحریک پر خطاب کر رہے تھے۔
انھوں نے کہا کہ ملک اپنی تاریخ کے دوراہے پر کھڑا ہے۔ بدقسمتی سے ہم نے تاریخی طور پر دیکھا ہے کہ مارشل لاء کے دور میں ادارے ایک دوسرے کےکردار پر متجاوز ہوتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایگزیکٹو ہے جس نے سب سے بڑھ کر کام کیا ۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر مرحوم جنرل (ر) پرویز مشرف نے مقننہ کے تمام اختیارات کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی عدلیہ کے اختیارات کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی لیکن یہ سیاسی جماعتیں تھیں جو ان کے خلاف کھڑی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر ہم یہ فیصلہ کرنے کے موقع پر ہیں کہ یا تو آئین کو کچلنے دیا جائے یا قومی انصاف کو یقینی بنایا جائے جو ملک کی سلامتی کی ضمانت ہو۔ سید نوید قمر نے کہا کہ عدالتیں ایسے فیصلے دے کر تاریخ رقم کریں جو پوری قوم کے لئے قابل قبول ہوں جو سنہری الفاظ میں لکھے جائیں گے۔ قبل ازیں وزیر پارلیمانی امور نے خصوصی تحریک پیش کرنے کے لئے ایوان سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوان عوام کے اعتماد اور نمائندگی سے تشکیل پایا ہے اور بحران اور غیر یقینی کے اس وقت انہیں ہدایت دینے کا پابند ہے۔