کراچی۔9مارچ (اے پی پی):سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک اپوزشن کیلئے سیاسی خودکشی ثابت ہوگی۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو سندھ اسمبلی میڈیا کارنر پر پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار برائے سینیٹ آغا ارسلان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے تمام اتحادی بشمول ایم کیو ایم پی، مسلم لیگ ق اور جی ڈی اے پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے لیے 172 کی مطلوبہ تعداد کو اکٹھا کرنا ناممکن ہے۔انہوں نے اپوزشن کے عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے شہباز شریف ، مولانا فضل الرحمن اور آصف علی زرداری کی مشترکہ پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کہا کرتے تھے کہ تمام چور ایک ساتھ جمع ہوں گے ۔
حلیم عادل نے کہا کہ پی ٹی آئی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے سندھ سے سینیٹ کی نشست کے لیے پولنگ کا بائیکاٹ کیا ہے جو پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی تاہم اپوزیشن نے انتخابی عمل میں حصہ لیا کیونکہ ہم نہیں چاہتے تھے کہ پیپلزپارٹی کا امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو۔انہوں نے کہا کہ پولنگ کے نتائج کا پہلے سے ہی اندازہ تھا کیونکہ سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کو عددی اکثریت حاصل ہے۔