اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):عدم پھیلائو اور تخفیف اسلحہ سے متعلق پاکستان-یورپی یونین مذاکرات کا پانچواں دور اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل خارجہ سیکرٹری برائے اسلحہ کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی طاہر اندرابی جبکہ یورپی یونین کے وفد کی سربراہی تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلائو کے خصوصی ایلچی سٹیفن کلیمنٹ نے کی۔
فریقین نے بین الاقوامی اور علاقائی امن، سلامتی اور سٹریٹجک استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کی جانب سے یورپی یونین کے مذاکرات کاروں کو حالیہ پاک بھارت تنازع کے تناظر میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ بات چیت میں تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلائو کی مختلف جہتوں خاص طور پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی کے ایجنڈے، تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی کنونشنز پر کانفرنس بشمول حیاتیاتی ہتھیاروں کے کنونشن اور کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔
بات چیت میں ملٹی لیٹرل ایکسپورٹ کنٹرول رجیمز میں حالیہ رجحانات اور عالمی سلامتی پر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے مضمرات کا جائزہ لیا گیا۔ سائنس ڈپلومیسی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔ فریقین نے 2026ء میں برسلز میں مذاکرات کا چھٹا دور منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔
اپنے دورہ پاکستان کے دوران یورپی یونین کے خصوصی ایلچی نے سیکرٹری خارجہ سے ملاقات کی اور انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد میں گول میز مباحثے میں شرکت کی۔ عدم پھیلائو اور تخفیف اسلحہ پر پاکستان-یورپی یونین ڈائیلاگ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان وسیع تر سٹریٹجک مصروفیات کا ایک لازمی حصہ ہے جسے 2012ء سے ادارہ جاتی شکل دی گئی ہے۔ بیان کے مطابق پاکستان مذاکرات کے اس باقاعدہ طریقہ کار کو انتہائی اہمیت دینے کے ساتھ ساتھ اسے عالمی اور غیر علاقائی سلامتی کے مسائل پر تعمیری مشغولیت کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔