عرب ممالک کی آپس میں تعلقات کی بحالی مسلم امہ کے لیے خوش آئند ہے،طاہر محمود اشرفی

103

لاہور۔14اپریل (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علما کونسل اور انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹری جنرل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل وقت کی ضرورت ہے، عرب ممالک کی آپس میں تعلقات کی بحالی مسلم امہ کے لیے خوش آئند ہے، ملک کو مسائل سے نکالنے کے لیے تمام سیاسی قائدین کو ایک جگہ بیٹھنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز بحریہ ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

طاہر اشرفی نے کہا ہے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے نا صرف سیاسی قائدین بلکہ تمام مکاتب فکرکے علما کو بھی ایک ہونا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قیام امن اور دیگر مسائل کے حل کیلئے علما کا کردار ہمیشہ کلیدی رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ طاغوتی طاقتیں کشمیر اور فلسطین پر جو مظالم ڈھا رہی ہیں وہ قابل مذمت ہے ،ان کی آزادی کیلئے مسلم امہ کو ایک پیج پر اکٹھا ہونا چاہیے اور یہ بات قابل تحسین ہے کہ عرب ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ پروان چڑھ رہے ہیں اور ہم سعودی عرب ، ایران تعلقات کی بحالی کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل کے زیراہتمام عشرہ تعظیم الحرمین الشریفین والاقصی منایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے علما اور خطبا نے جمعة المبارک کے اجتماعات میں مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی وحدت اور اتحاد کا مرکز ارض حرمین شریفین ہے ، امت مسلمہ کو ارض حرمین شریفین کی تعظیم سلامتی اور استحکام بہت عزیز ہے ، اسی طرح مسلمان مسجدالاقصی کی توہین پر خاموش نہیں رہ سکتے ، اسرائیل مسلسل فلسطینیوں پر مظالم کر رہا ہے اور گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی مسجدالاقصی کی توہین اور نمازیوں پر ظلم و تشدد کیا گیا ، اقوام متحدہ ، اسلامی تعاون تنظیم اور عالمی امن پسند قوتوں ، مذہبی رہنمائوں اور قائدین کو فلسطین اور کشمیر کے مسئلہ پر عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے ۔

انہوں نے حرمین شریفین کے زائرین کیلئے بھرپور انتظامات اور خدمات پر سعودی عرب کی قیادت اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سعودی عرب کی عوام اور قیادت خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سرپرستی اور امیر محمد بن سلمان کی قیادت میں اسلام اور مسلمانوں کیلئے خدمات سر انجام دے رہی ہے وہ قابل قدر ہے۔