کویت سٹی ۔5مئی (اے پی پی):عرب میڈیا فورم کا 20 واں دو روزہ اجلاس 10 مئی سے کویت میں شروع ہوگا۔کویت نیوز ایجنسی (کونا) کے مطابق عرب میڈیا فورم کے سیکرٹری جنرل مادی عبداللہ الخمیس نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال فورم میں متحدہ عرب امارات کو اعزازی مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔عرب میڈیا فورم کا 20 واں سالانہ اجلاس 10 سے 12 مئی تک کویت میں منعقد ہوگا۔
یہ اجلاس کویت کے وزیر اعظم شیخ احمد عبداللہ الاحمد الصباح کی سرپرستی میں منعقد کیا جا ئے گا، جس کا عنوان، ’’ٹیکنالوجی کی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے دور میں میڈیا کو درپیش چیلنجز‘‘ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے سرکاری اور نجی شعبوں سے تعلق رکھنے والا ایک بڑا میڈیا وفد فورم میں شرکت کرے گا جو عالمی سطح پر ابھرتے ہوئے اماراتی میڈیا منظرنامے اور اس کی بین الاقوامی سطح پر ہم آہنگی کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ فورم میں اس بات پر زور دیا جائے گا کہ عرب میڈیا تیزی سے بدلتے ہوئے ڈیجیٹل ماحول میں کس طرح مؤثر انداز میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔ اجلاس میں ٹیکنالوجی کے جدید ذرائع کو بروئے کار لا کر عرب میڈیا کی بین الاقوامی سطح پر موجودگی کو بہتر بنانے کے امکانات پر گفتگو کی جائے گی۔
فورم کے دوران مختلف سیشنز میں ثقافتی تنوع کے فروغ، عرب شناخت کے تحفظ اور ڈیجیٹل انقلاب کے دوران میڈیا کے کردار پر جامع تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592764