اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ حضور پاکﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا عقید ت کا سب سے مقبول طریقہ ہے، دونوں جہانوں میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے ہمیں اپنی زندگیوں کے معمولات میں آپﷺ کی سیرت اور اسوہ حسنہ کو اپنے دامن عمل سے پیوستہ رکھنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نعت خوانی کے فائنل رائونڈ مقابلے اور تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وائس چانسلر نے بچوں کو نصیحت کی کہ ربیع الاول کی اس بابرکت محفل کے موقع پر عہد کریں کہ حضور پاکﷺ کی سیرت طیبہ اور ان کی تعلیمات میں سے ایمانداری، دیانتداری، عاجزی، انکساری،رحمدلی، ہمدردی، صبر اور توکل کے پہلوئوں پر آج سے ہی کام شروع کریں گے اور اپنی زندگیاں اِ ن سنہرے اصولوں پر ہی گزاریں گے۔
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بسلسلہ عید میلاد النبی ؐ راولپنڈی، اسلام آباد کے56 سکولرز، کالجز اور جامعات کے130 طلباء و طالبات کے مابین سکول، کالج اور یونیورسٹی سطح پر نعت خوانی کے الگ الگ مقابلے منعقد ہوئے تھے جس کے فاتحین کے مابین فائنل رائونڈ مقابلے کا انعقاد گزشتہ روز یونیورسٹی کے مین کیمپس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت منعقد ہوا۔سکول سطح کے مقابلے میں پہلی پوزیشن محمدسبحان جبکہ دوسری پوزیشن حسنین علی نے حاصل کی، کالج سطح کے مقابلے میں پہلی پوزیشن محمد علی عادل، دوسری پوزیشن مبین ارشاد اور یونیورسٹی سطح کے مقابلے میں پہلی پوزیشن تارین علی اور دوسری پوزیشن محمد صبغت اللہ نے حاصل کی۔شعبہ اسلامی فکر، تاریخ و ثقافت کے ڈاکٹر احمد رضا، شعبہ انٹرفیتھ اسٹڈیز کے ڈاکٹر حافظ محمد سجاد، شعبہ اردو کے ڈاکٹر محمد قاسم، اقبال سٹڈیز کے ڈاکٹر سید شیراز علی زیدی اور پاکستان ٹیلی ویژن کی سلمہ خان نے ججز کے فرائض انجام دئیے۔
نعت خوانی کے فائنل رائونڈ مقابلے کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس ایڈوائزری اینڈ کونسلنگ سروسز نے اسلام آباد اور راولپنڈی ریجنل آفسز کے تعاون سے کیا تھا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اس بابرکت محفل کو سجانے پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افئیرز، سید غلام کاظم علی اورڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان کو مبارکباد دی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان نے کہا کہ جس محفل میں لوگ نبی کریمﷺ کا ذکر کرتے ہیں وہ محفل قیامت کے دن لوگوں کے لئے باعث حسرت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سر پر سایہ حضورﷺ انسان کو سراپانور بنادیتی ہے،آخر میں پوزیشنز حاصل کرنے والے بچوں میں کیش انعامات اور اسناد تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں یونیورسٹی کے ڈینز، پرنسپل افسران، طلباء و طالبات اور ان کے والدین شریک تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=508154