علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی معدومیت کے خطرے سے دوچار زبانوں پر 28 ویں بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرے گی

121

اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی معدومیت کے خطرے سے دوچار زبانوں پر 28 ویں بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے۔ 25 سے 27 ستمبر کو ہونے والی اس کانفرنس میں 22 ممالک کے ماہرین جبکہ 15 غیرملکی مندوبین شرکت کریں گے۔ ملکی و غیر ملکی 42 سکالرز کانفرنس میں اپنے تحقیقی مقالے پیش کریں گے۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا شعبہ انگریزی معدومیت کے خطرے سے دوچار زبانوں کی فیڈریشن پر بین الاقوامی کانفرنس فورم فار لینگویج انیشیٹوز کے تعاون سے کر رہی ہے۔

کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں سینیٹر عرفان صدیقی جبکہ اختتامی تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور چیئرمین ہائرایجوکیشن کمیشن پاکستان ڈاکٹر مختار احمد مہمان خصوصی ہوں گے۔وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر ناصر محمود میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔ کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے گزشتہ روز ایک اجلاس کا اہتمام بھی کیاگیا تاکہ کانفرنس کے تمام امور خوش اسلوبی سےطے پا سکیں جس میں فیکلٹی ممبران اور یونیورسٹی انتظامیہ افسران نے شرکت کی۔