علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیزکی 37ویں تین روزہ سالانہ کانفرنس کی پری ورکشاپ 14اکتوبرکو ہوگی

139

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیز(اے اے او یو)کی 37ویں تین روزہ سالانہ کانفرنس کی پری ورکشاپ 14اکتوبرکو ہوگی جس میں یہ غیر ملکی وفود بھی شرکت کریں گے۔ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس ضمن میں براعظم ایشیاکے اہم ممالک اور چند یورپ ممالک بشمول امریکا، کینیڈا، چین، جاپان، آسٹریلیااور جنوبی افریقہ کے نامور ماہرین تعلیم فاصلاتی نظام تعلیم کے مختلف موضوعات پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی تین روزہ عالمی کانفرنس میں شرکت کے لئے اسلام آباد پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیز کے سربراہان اور ماہرین تعلیم پر مشتمل اس کانفرنس کا اہتمام علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کررہی ہے۔کانفرنس کا افتتاحی سیشن15اکتوبر کو صبح 9بجے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ہوگا۔ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی ہوں گے۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ اس کانفرنس کے بنیادی مقاصد میں مستقبل میں شعبہ تعلیم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور بامقصد تعلیم کے ذریعے دنیا بھر میں سماجی و معاشی بہتری پیدا کرنے کے لئے تجاویز اور سفارشات مرتب کرنا شامل ہے۔کانفرنس کوآرڈینیٹر، ڈاکٹر زاہد مجید کے مطابق 20ممالک سے 80 انٹرنیشنل جبکہ 200 سے زائد پاکستانی ماہرین تعلیم شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ کلیدی مقررین کینیڈا،آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انڈونیشیا اور پاکستان سے ہوں گے۔