ڈیرہ غازی خان۔ 25 اگست (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کیمپس ڈیرہ غازی خان کے ریجنل ڈائریکٹر غلام حسین کھوسہ نے کہا ہے کہ سمسٹر بہار 2023ء کے اوپن کورسز، سرٹیفکیٹ کورسز، میٹرک، ایف اے اور آئی کام پروگراموں کے فائنل امتحانات ملک بھر میں یکم ستمبر سے شروع ہوں گے۔
جمعہ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا امتحانات کا یہ سلسلہ 5 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ طلباء کی آسانی کے لیے ڈیٹ شیٹ یونیورسٹی کی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کردی گئی ہے جبکہ رول نمبر سلپس کا پرنٹ طلبہ اپنے سی ایم ایس اکاؤنٹ سے بھی لے سکتے ہیں۔
رول نمبر سلپس طلبہ کو بذریعہ ڈاک ارسال کرنے کے علاوہ بذریعہ موبائل ایس ایم ایس بھی امتحانات کی اطلاع دی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں 17 امتحانی مراکز قائم کردئیے گئے ہیں اور وائس چانسلر کی قائم کردہ کمیٹیوں کے علاوہ اسسٹنٹ ریجنل ڈائریکٹر اور موبائل انسپکٹرز بھی امتحانی مراکز کے دورے کریں گے اور طلبہ کے رول نمبر سلپس اور شناختی کارڈز وغیرہ چیک کریں گے۔