علامہ اقبال نے مسلمانوں میں انقلابی روح پھونکی اور مسلمانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے نمایاں خدمات سرانجام دیں، چیئرمین سینیٹ

103

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال نے مسلمانوں میں انقلابی روح پھونکی اور مسلمانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے نمایاں خدمات سرانجام دیں، شاعر مشرق کے فلسفہ خودی پر عمل کرکے ہی ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچ سکتے ہیں ۔شاعرمشرق علامہ محمد اقبال کی برسی پر قوم کے نام پیغام میں چئیرمین سینیٹ نے عظیم مسلمان اور شاعر مشرق کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں میں انقلابی روح پھونکی اور مسلمانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے نمایاں خدمات سرانجام دیں، چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ شاعر مشرق کے فلسفہ خودی پر عمل کرکے ہم ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچ سکتے ہیں، نوجوان نسل ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں گے تو دور جدید میں مسلم امہ کو درپیش مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی، چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کو خوشحال قوم بنانے کیلئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اسلام کے بارے میں علامہ محمد اقبال کے افکار اور ان کے فلسفہ خودی پر یقین رکھتے ہوئے عمل پیرا ہوں،آج امت مسلمہ کو متحد رہنے کی سخت ضرورت ہے اور باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملک کی سماجی اور معاشی ترقی کیلئے بھرپور عزم کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔