علامہ اقبال کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر مسلم امہ کو درپیش مسائل سے نمٹا جا سکتا ہے، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

116

اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کی دی گئی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر مسلم امہ کو درپیش مسائل سے نمٹا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال کی 84ویں یوم وفات کے موقع پر اپنے جاری بیان میں کیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ علامہ اقبال مفکر پاکستان تھے جنہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلم امہ کو خواب غفلت سے بیدار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقبال ہی تھے جنہوں نے قائد اعظم کو یہ احساس دلایا کہ وہ اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے مسلمانوں کو ایک علیحدہ وطن دلا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کا یوم وفات مسلمانوں کو ان کے نظریات وتعلیمات پر غور و فکر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق کا مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا خواب جہاں وہ اپنے مذہبی اصولوں کے مطابق زندگی بسر کر سکیں کسی نعمت سے کم نہیں تھا۔سپیکر نے کہا کہ علامہ اقبال اتحاد بین المسلمین کے داعی تھے اور انہوں نے مسلمانوں کو اپنے وسائل اور زور بازو پر انحصار کرنے کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم علامہ اقبال کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اسلامی طرز عمل کو اپنا کر ہم اثر حاضر کے مسائل پر قابو پا سکتے ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ اقبال ایک فلسفی، شاعر اور مفکر پاکستان تھے، جنہوں نے سب سے پہلے 1930 میں الہ آباد میں ایک علیحدہ مسلم ریاست کا تصور دیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کی شاعری تمام طبقات کے انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کی تعلیمات کو اپنا کر ہم مسلم امہ خصوصاً پاکستان کو درپیش بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔