علمائے کرام اپنے خطابات میں بھائی چارے کے فروغ کا درس دیں،پرنسپل مرکز احیائے علم

53

سیالکوٹ ۔04 جولائی (اے پی پی):پرنسپل مرکز احیائے علم علامہ سید حسنین نقوی نے کہا ہے کہ تمام واعظین اپنے اپنے خطابات میں مسلمانوں کو اسلامی بھائی چارے کا درس دیں ۔ انہوں نے امام بارگاہ قصر ابو طالب مراکیوال میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیونکہ نواسہ رسولﷺ کی قربانی تمام مسلمانوں کے لئےمشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام محب وطن پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ ایک دوسرے کے عقائد اور مذاہب کا احترام کریں اس طرح ایک پرامن معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کے میدان میں جس طرح حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے حق کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اس لیے ہمیں بھی چاہیے کہ ہم بھی اپنے معاشرے میں حق پر کھڑے ہوں ،مظلوم کے ساتھ ہوں اور ظالم کے سامنے کلمہ حق بیان کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے محرم الحرام میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں اس لیے تمام لوگوں کو چاہیے کہ وہ انتظامی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت اتفاق و اتحاد کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ملک میں دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے اور انتہا پسندوں کا خاتمہ کرنے کے لیے تمام انتظامی ادارے سر گرم عمل ہیں ۔