اسلام آباد ۔ 28 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے غیر ریاستی افراد کومقبوضہ کشمیر کا ڈومیسائل دینے کے بھارتی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اسرائیل طرز کے مظالم ڈھا رہا ہے ، اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات اٹھائے۔ وزیر امور کشمیر نے کہا کہ بھارت کے خلاف عالمی معاشی و سفارتی پابندیوں لگائیں جائیں، پاکستان مسئلہ کشمیر کو پر امن طریقے سے حل کرنے کی کوششیں کر رہا ہے،عالمی دنیا اور اداروں کو پاکستان اور کشمیریوں کا بھرپور ساتھ دینا چائیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی ہندو انتہا پسند فاشسٹ پالیسیز کے خلاف دنیا کو متواتر آگاہ کر رہا ہے ، عالمی میڈیا بھارتی انتہا پسند اقدامات کو انتہائی خطرناک قراردے رہا ہے، بھارتی انتہا پسندی نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے خطرناک ہے۔ علی امین گنڈاپورنے کہا کہ بھارت ہندوتا اور توسیع پسندانہ اقدامات کو ترک کرے، بھارت دیرپا امن کے لیے کشمیریوں کو ان کا حق خوداردیت دے، نفرت اور انتہا پسندی کی آگ سے خود بھارت نہیں بچ سکے گا۔