عمران خان اور پیپلزپارٹی کا گٹھ جوڑ مضبوط دکھائی دیتاہے، عمران خان اقتدار کے لئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں،چوہدری عابد شیر علی

87

اسلام آباد ۔ 08 جون (اے پی پی) وزیر مملکت پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور کرپشن لازم و ملزوم ہیں ، عمران خان اقتدار کے حصول کے لئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں، شیخ رشید کے ساتھ اختلافات کے باوجود پیش آنے والے واقعہ کی شدید مذمت کرتے یہں۔ حملہ کرنے والے ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی گئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ عابد شیرعلی نے کہاکہ کسی بھی شخص کا الگ کوئی لین دین کسی پارلیمنٹیرین کے ساتھ ہے تو اس کے گھر جاﺅ۔ پارلیمنٹ اس قسم کے معاملات کا فورم نہیں۔ ہم شیخ رشید کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اس کا سخت نوٹس لیاہے اور ملزم ملک نور اعوان کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہے۔ عابد شیر علی نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پیپلزپارٹی اور کرپشن ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور ایک دوسرے کے لازم ملزوم ہیں ۔