عمران خان اورپی ٹی آئی کارکن عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران خان کو جیل بھیجے بغیر پاکستان کی ترقی اور امن ممکن نہیں، وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ

248
پی ٹی آئی والے مریم نواز کےفوبیا میں مبتلا ہیں ، عمران نیازی مجھے بچائو کی دہائیاں دے رہے ہیں ، معاون خصوصی عطاء تارڑ کی پریس کانفرنس

لاہور۔11مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کو جیل بھیجے بغیر پاکستان کی ترقی اور امن ممکن نہیں، عمران خان کی گرفتار ی قانون اور آ ئین کے مطابق ہو گی،پی ٹی آئی نے ظل شاہ کی تدفین کو تاخیر کا شکار کرنے کی کوشش کی،عمران خان نے ظل شاہ کی موت کو اپنی سیاست چمکانے کیلئے قتل کا ڈرامہ رچایا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عطاتارڑ نے کہا ہے کہ ظل شاہ کی موت کے بارے میں ہر سطح پر تحقیقات ہونی چاہیے، ایک معصوم کی لاش پر گزشتہ 48گھنٹوں سے سیاست ہورہی ہے،ہماری سیاست اتنی نفرت زدہ ہوچکی ہے کہ ایک سیاسی جماعت لاہور کی سڑکوں پر لاشیں ڈھونڈتی پھررہی ہے کہ انہیں کوئی لاش ملے اور وہ اس پر اپنی سیاست چمکا سکیں ،یہ انتہائی افسوس ناک بات ہے کہ پی ٹی آئی ہر وقت کسی موقع کی تلاش میں رہتی ہے کہ کہیں کسی کا جانی نقصان ہو تو وہ اس سے اپنا سیاسی فائدہ حاصل کرسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے سیاسی شعبدہ بازی کے ذریعے مقبولیت حاصل نہیں کرسکتے،تحریک انصاف نے اپنی سیاسی شعبدہ بازی اور پوائنٹ سکورنگ کیلئے ظل شاہ کی تدفین کو جان بوجھ کر تاخیر کا شکارکرنے کی کوشش کی اور اس کے والد سے کہا کہ وہ اس سانحہ کا مورود الزام پنجاب حکومت کو ٹھہرائے، اس کے والد نے کہا کہ میں نے کسی کوبھی یہ واقعہ کرتے ہوئے نہیں دیکھااس لیے میں کسی پر کوئی الزام نہیں لگاسکتا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ظل شاہ کو ہسپتال لانے والوں نے اپنے حلیے تبدیل کرلیے،جو شخص ظل شاہ کی لاش کو ہسپتال میں چھوڑ کر گیا اس کے چہرے پر پہلے داڑھی تھی اور اقبالی بیان دیتے وقت اس کی داڑھی نہیں تھی اور بالوں کا سٹائل بھی کچھ اور تھا،ظل شاہ کو سروسز ہسپتا ل سے جب سی ایم ایچ لے جایا گیا تو سروسز ہسپتال ریکارڈ کے مطابق ظل شاہ سی ایم ایچ میں جانے سے پہلے فوت ہوچکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی آئے روز میڈیا پر حملے کرتی ہے کبھی کسی چینل کے رپورٹر کو زدوکوب کیا جاتا ہے اور کبھی کسی کیمرہ مین کو زخمی کردیا جاتا ہے ،میڈیا پر تشدد کسی صور ت قبول نہیں ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں اس سلسلے کو بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ظل شاہ کی موت ایک حادثہ تھی جس کے بارے میں اس کے والد اور سی سی ٹی وی کیمرے کی رپورٹ ثبوت ہے لیکن عمران خان اس بات پر بضد ہے کہ ظل شاہ کا قتل ہوا ہے،ظل شاہ کی موت میں عمران خان اور اس کے کارکنوں کے ہاتھ رنگے ہوئے ہیں انہیں پوری قوم سے معافی مانگنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ عمرا ن خان سے جھوٹا آدمی پاکستان کی تاریخ میں نہیں دیکھا گیا،پی ٹی آئی اس سارے معاملے کو قتل کا رنگ دیکر اپنی جھوٹی سیاسی شہرت حاصل کرنا چاہتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی حکومت کو ختم کرانے میں امریکی سازش کا ڈرامہ رچایا،اقتدار سے اترنے کے بعد اگلے ہی دن عمران خان نے امریکہ سے اپنے تعلقات بحال کرنے کیلئے امریکی لابی کی خدمات حاصل کیں، اس کے بعد عمران خان نے کہا کہ یہ امریکی سازش نہیں بلکہ جنرل باجوہ کا کام ہے ،عمران خان نے اپنی حکومت میں جنرل باجوہ کے متعلق کہا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں جنرل باجوہ سے زیادہ جمہوری جنرل اس سے قبل نہیں آیا کیونکہ عمران خان کو اس سے مفاد تھا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ذہنی توازن خراب ہوچکا ہے،ہماری اپیل ہے کہ اس کا ذہنی معائنہ کرایا جائے ، جوشخص ذہنی طور پر تندرست ہو وہ عمران خان کی طرح باتیں نہیں کرتا،عمران خان سائفر کے معاملے پر مسلسل جھوٹ بولتے رہے،سوشل میڈیا کی جھوٹی کہانیوں کے پیچھے عمران خان کا ہاتھ ہوتا ہے ،جھوٹی تصوریریں لگا کر عمران خان اور پی ٹی آئی کے کارکن عوام کو گمراہ کرتے ہیں ۔

عطاتارڑ نے کہا کہ2018میں ہم پاکستا ن کو پھلتا پھولتا اور ترقی کرتا ہوا چھوڑ کر گئے تھے، ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا، موٹرویز بن رہی تھیں ،بے روزگاری میں کمی تھی ،لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا اوردہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑا لیکن عمران خان نے اپنے چار سالہ دور میں ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا ،پاکستان کا ترقیاتی بجٹ آدھا رہ گیا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جیل بھیجے بغیر پاکستان کی ترقی اورامن ممکن نہیں ،حکومت عمران خان کی قانون کے مطابق گرفتاری عمل میں لائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پہلے عدل ہوگا پھر ملک بھر میں صاف اور شفاف الیکشن ہونگے،یہ کہاں کا انصاف ہے کہ ایک لیڈر کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نا اہل کردیا گیا جبکہ دوسرے کو اپنی بیٹی تسلیم نہ کرنے پر کوئی پوچھ گچھ نہیں کی جارہی ۔انہوں نے کہا کہ آ ئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ جلد مکمل ہوجائے گا ان کی شرائط کو پورا کیا جارہا ہے ،ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں اس سلسلے میں پارٹی میں پارلیمانی بورڈ بنادیا گیا ہے ۔