عمران خان اپنے جلسوں میں ڈونلڈ لو کیخلاف باتیں کرتا رہا، اب اسے پیغام بھیج رہا ہے کہ مجھے معاف کر دو،پنجاب میں 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو بل نہیں آئے گا، مریم نواز

76

لاہور۔4جولائی (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے جلسوں میں امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ ڈونلڈ لو کیخلاف باتیں کرتا رہا، اب اسے پیغام بھیج رہا ہے کہ مجھے معاف کر دو،(ن)لیگ کی عوامی حکومت نے آتے ہی آغاز غریب سے کیا ہے، چاہتے ہیں غریب پر بوجھ کم سے کم پڑے، ملک کا خزانہ بنی گالہ والے کھا گئے، ہماری کوشش ہے غریب کا چولہا جلتا رہے، مشکل فیصلے نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا، لوگوں کو چور اور ڈاکو کہنے والا ملکی تاریخ کا سب سے بڑا وارداتیا نکلا،خزانہ خالی ہے مگرشہباز شریف نے یوٹیلیٹی سٹورز پر سستا آٹا دیا ہے، پنجاب میں 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو بل نہیں آئے گا۔ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے لاہور کے حلقے پی پی 170 میں ضمنی الیکشن سے قبل ویلنشیا ٹائون میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم کے مشیر عون چودھری کے بھائی محمد ذوالقرنین یہاں سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ہیں۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آپ سب کو لندن میں سے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کی جانب سے سلام پیش کرتی ہوں۔ جس محبت سے میرااستقبال کیا میں آپ سب کی شکرگزار ہوں۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ دل پر پتھر رکھ کرکیا گیا، پنجاب میں 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو کبھی بل نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں صرف امیروں کو نوازا جاتا رہا۔ ن لیگ کی عوامی حکومت آتے ہی آغاز غریب سے کیا ہے چاہتے ہیں غریب پر بوجھ کم سے کم پڑے ملک کا خزانہ بنی گالہ والے کھا گئے ہماری کوشش ہے غریب کا چولہا جلتا رہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں پالا ایک ایسے شخص سے پڑ گیا ہے جو فتنہ ہے، پٹرول کی قیمتیں آئی ایم ایف سے معاہدے کے باعث بڑھانا پڑیں، آئی ایم ایف سے تیل کی قیمتیں بڑھانے کا معاہدہ پی ٹی آئی چیئر مین نے کیاتھا، آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑے۔ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ نوازشریف اور (ن) لیگ مشکل وقت میں عوام کے ساتھ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو بل نہیں آئے گا کبھی 75 سال میں ایسا نہیں ہوا کہ آپ بجلی استعمال کریں اور بل نہ آئے، میرا دل چاہتا ہے کہ سب کچھ آپ کے قدموں میں لا کر رکھ دوں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ نے ساتھ دیا تو وہ وقت دور نہیں جب غریب کا بچہ بھی پیٹ بھر کر روٹی کھائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں تاریخ کے سب سے بڑے بہروپیے کا سامنا ہے۔عون چودھری، جہانگیر ترین اور دیگر کئی توبہ توبہ کر کے تحریک انصاف سے نکلے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمیں کہتا تھا امریکا کے غلام ہیں، 4سال تک جب ان کی حکومت تھی تب کوئی امریکی سازش نہیں تھی، اپنے جلسوں میں ڈونلڈ لو کیخلاف باتیں کرتا رہا، عمران خان نے 2 دن پہلے اپنا عہدیدار ڈونلڈ لو کے پاس بھیجا، عمران خان کے عہدیدار نے کہا کہ ہم سے غلطی ہو گئی ہمیں معاف کردیں۔