عمران خان دعویٰ کررہےہیں کہ ان کی حکومت میں کرپشن کاکوئی کیس نہیں تھا،آغازسےاختتام تک تحریک انصاف کی حکومت کرپشن سکینڈلزکی زدمیں رہی،شیری رحمان

63
زیادہ گرمی میں ہیٹ سٹروک سے بچائو کیلئے بروقت اور پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، وفاقی وزیر شیری رحمان کا ٹویٹ

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ آج کل عمران خان دعویٰ کر ر ہے ہیں کہ ان کی حکومت میں کرپشن کا کوئی کیس نہیں تھا جبکہ آغاز سے اختتام تک تحریک انصاف کی حکومت کرپشن سکینڈلز کی زد میں رہی،ان کے دور میں پاکستان کرپشن انڈیکس میں23 ویں نمبر پر چلا گیا پھر بھی عمران خان اپنی حکومت کی کرپشن کا دفاع کرتے رہے۔

اپنے ٹویٹ میں شیری رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے کرپشن سکینڈلز کی طویل فہرست موجود ہے، یہ خود بدعنوانیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے نااہل ہوئے، سو چوہے کھا کر بلی حج کو چلی، بیرونی سازش کا بیانیہ ناکام ہونے کہ بعد ایک بار پھر اپنا کرپشن کا کھوکھلا بیانیہ زندہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان سابق آرمی چیف پر مسلسل الزام تراشی جبکہ اقتدار میں آنے کیلئے نئے آرمی چیف کی منت سماجت کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انہیں اپنے ذات کے علاوہ کسی کی پرواہ نہیں، ذاتی سیاسی مستقبل کیلئے انہوں نے اپنے ہی ارکان کا سیاسی مستقبل دائو پر لگایا ہوا ہے۔