لاہور /نارووال۔22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی چوہدری احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان لوگوں سے چندے اکٹھے کرتا ہے اور سیاست پہ لگاتا ہے،فنانشل ٹائمز اگر غلط ہے تو اس پر مقدمہ کرو،عمران خان ایسا نہیں کرے گا کیونکہ اس طرح برطانیہ کی عدالتوں سے چوری کی مہر لگ جائے گی،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں کرالانوالی پھاٹک تا سیالکوٹ کینٹ لنک روڈ کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنا اقتدار بچانے کے لیے غیر آئینی کام کیے جس پرسپریم کورٹ نے مہر لگائی کہ غیر آئینی کام کیا ہے،عمران خان نے عوام سے جھوٹے وعدے کیے،اقتدار جانے کے بعد عمران خان نے ریاستی اداروں کے خلاف پراپیگنڈہ کیا،
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 9 مئی کو قائد اعظم کے گھر کو آگ لگوا کر دہشت گردی کی،دہشتگردی کے تمام واقعات قابل مذمت ہیں جو بھی کرے، وفاقی وزیر نے کہا کہ پارلیمنٹ پر حملہ پاکستان کی روح پر حملہ ہے جو 2014 میں عمران خان نے کیا،عمران خان نے پی ٹی وی پر حملہ کیا، بجلی کے بل جلائے، پاکستانی پاسپورٹ جلایا،عمران خان نے دھرنوں میں چور ڈاکو اور پگڑی اچھالنے کی سیاست کی ایسی سیاست کرنے والوں کو پوری دنیا میں معاف نہیں کیا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ جناح ہائوس واقعہ کی معافی کسی صورت نہیں ملے گی،اس سے قبل وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے نارووال میں کرالانوالی پھاٹک تا سیالکوٹ کینٹ لنک روڈ کا افتتاح کیا۔سیالکوٹ کینٹ سے جیسر گیریزن روڈ کے اس منصوبہ کی لمبائی 69 کلومیٹر ہے ۔