عمران خان نا اہل اور تحریک انصاف پر پابندی لگنے والی ہے،ابھی تک بنی گالا کی منی ٹریل ثابت نہیں کر سکے ہیں ، پارٹی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کو تفصیلات فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں ،حنیف عباسی
اسلام آباد ۔ 11 جولائی (اے پی پی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان ابھی تک بنی گالا کی منی ٹریل ثابت نہیں کر سکے ہیں اور پارٹی فنڈنگ کیس میں بھی الیکشن کمیشن کو تفصیلات فراہم کرنے میں ناکام ہیں ،جلد ہی عمران خان نا اہل اور تحریک انصاف پر پابندی لگنے والی ہے۔اسلام آباد میںپریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ عمران خان کے پاس جہازوں میں اڑنا ،ساڑھے چار کنال کے گھر میں رہنا اور یورپ انگلینڈ کے دورے کے لئے پیسہ کہاں سے آتا ہے ،آپ نے ایک لاکھ 50 ہزار کا انکم ٹیکس دیا ہے وہ اس سے ملتا جلتا نہیں ہے ،انشاءاللہ آپ ڈس کوالیفائی ہونے جا رہے ہیں اور آپ کی پارٹی پر بھی بین لگنے جا رہا ہے ،ہم نے آپ کا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیسہ عمران خان کی کمزوری رہی ہے ،آپ کو قبضہ مافیا ،کرپشن ،شوگر مافیا پیسہ دے آپ وہ لے لیتے ہیں۔انہوں نے جے آئی ٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی کا پیار نظر آرہا ہے ،اس سے متعلق جو خدشات پہلے تھے وہ سچ ثابت ہوئے ،جو ارکان جے آئی ٹی میں بیٹھے ہوئے تھے ان کا اپوزیشن پارٹیوں سے الحاق ہے۔جے آئی ٹی کے بڑے بڑے بکسوں میں سے کچھ نہیں نکلا، یہ مفروضات تھے ۔انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو قوم سے کیا غرض ہے، غرض ان لوگوں کو ہے جو ساہیوال ،حویلی بہادر شاہ اور پسنی جا کر لوگوں کے درد کو سمجھتے ہیں ،آپ پاکستان کی ترقی کے دشمن ہیں۔